لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے جارہے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے 177 ارکان پرویز الہٰی کی حمایت کر رہے ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ میں تاخیر نہیں کرنا چاہتے ، ہمارے تمام ارکان پرویز الہٰی کو ووٹ دیں گے ۔ ق لیگ کے 10 ارکان ہیں اس طرح انہیں 187 ارکان کی حمایت ہوگی ۔ اعتماد کا ووٹ لیتے ہی اسمبلی توڑنے کی طرف جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ 8 ماہ میں معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ، ہمارے دور میں پاکستان ترقی کررہا تھا ۔ موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔ قوم ان چوروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی ، انہوں نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا ۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ دہشتگرد اسلام آباد میں حملے کر رہے ہیں ، افغانستان میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے ۔ افغانستان میں عدم استحکام کی پاکستان کو بہت بڑی قیمت چکانی پڑسکتی ہے ۔ موجودہ حکومت نے خارجہ پالیسی کا بیڑہ غرق کردیا ۔ جب تک الیکشن نہیں ہوں گے ملک کے حالات بہتر نہیں ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ آپ پورے ملک میں کہیں بھی الیکشن نہیں لڑ سکتے ۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام سخت پریشان ہیں ۔ مریم نواز نے 2 لوگوں کو استعفے کا کہا تھا ، مریم نواز کے کہنے پر 2 لوگوں نے استعفے نہیں دیئے ۔