متنازعہ ٹویٹس سے میرا کوئی تعلق نہیں ،دل کا مریض اور 75 سال کا ہوں، ضمانت دی جائے: اعظم سواتی کا عدالت سے رجوع 

01:53 PM, 24 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی  نے ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ متنازعہ ٹویٹس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

نیو نیوز کے مطابق اعظم سواتی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی ہے ۔ وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے اعظم سواتی کی ضمانت کی درخواست دائر کی  گئی ہے۔ وفاق اور ایف آئی اے سائبر کرائم  کے افسر انیس الرحمان کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔ میرا کسی ادارے کو بدنام کرنے کا بھی کوئی ارادہ تھا اور ان ٹویٹس سے کوئی تعلق ہے۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد بھی پراسیکیوشن کے پاس ان کے خلاف ثبوت نہیں۔

  

اعظم سواتی کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پٹیشنر کی عمر 75 سال اور عارضہ قلب میں مبتلا ہے، تمام کیس دستاویزی الزامات پر مبنی ہے، جیل میں رکھنا ٹرائل سے قبل سزا کے مترادف ہو گا۔

واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

مزیدخبریں