دبئی: متحدہ عرب امارات نے عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم او میکرون کے پھیلاو کو روکنے کے لیے چار ممالک پر پابندی عائد کر دی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے کینیا، تنزانیہ، ایتھوپیا اور نائجیریا سے آنے والی تمام قسم کی فلائٹس آپریشن کو 25 دسمبر سے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان ممالک میں 14 روز سے زائد رہنے والے غیر ملکیوں پر یو اے ای آنے پر پابندی ہو گی۔
متحدہ عرب امارات کے شہری، قریبی رشتہ دار، سفارتی مشن، سرکاری وفود اور گولڈن ریزیڈنس ہولڈرز کو اس فیصلے سے خارج کردیا گیا ہے۔
گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات نے فلموں کی سنیما میں نمائش سے متعلق قوانین کو نرم کرتے ہوئے سنسر شپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 21+ ریٹنگ متعارف کرائی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ سینما میں فلموں کی نمائش کے لیے عمر کے حساب سے درجہ بندی 21+ مقرر کردی گئی ہے جس کے بعد سینما گھروں میں 21 سال سے زائد عمر کے فلم بین عالمی ورژن کے مطابق فلمیں دیکھ سکیں گے۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات میں سینما گھروں میں فلموں کو نمائش کے لیے سخت سنسر شپ سے گزرنا پڑتا تھا اور عالمی ورژن کے تحت فلموں کو دکھانے کی ممانعت کے باعث بالغوں کے مواد والی فلموں کی کانٹ چھانٹ یا ایڈٹ کی جاتی تھی۔