خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کا اثر پنجاب میں پڑے گا، غلام سرور خان

06:17 PM, 24 Dec, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اعتراف کیا ہے کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کا اثر پنجاب میں پڑے گا۔

میڈیا سے گفتگو میں غلام سرور خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو بری شکست ہوئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے مقابلے میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں ن لیگ اور پی پی کو خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں بد ترین شکست ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کی ہے، خیبرپختونخوا کا اثر پنجاب کے بلدیاتی انتخابات پر پڑے گا جبکہ خیبرپختونخوا میں جے یو آئی اور پنجاب میں ن لیگ سے مقابلہ ہو گا جبکہ دیگر جماعتیں تو گلی محلے کی جماعتیں رہ گئی ہے۔

غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ دو نمبر بد دیانت لوگوں کی سیاست مسلم لیگ ن کرتی ہے اور تحریک انصاف میں موروثی سیاست کا کوئی وجود نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد تحریک انصاف کی تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا ہے جبکہ تمام ممبران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ 

بعدازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی  وجوہات سے آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پرویز خٹک سے بلدیاتی انتخابات پر بات ہوئی، وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، اس بات پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا کہ ٹکٹ خاندانوں میں بانٹے گئے، خیبرپختونخوا کے انتخابات میں جیسے نتائج ملنا چاہیے تھے نظر نہیں آئے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے بطور چیئرمین پی ٹی آئی فیصلہ کیا ہے کہ مرکز سے لے کر تحصیلوں تک  پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی جائیں، تمام پارلیمانی بورڈ بھی تحلیل کردیے گئے ہیں، چیف آرگنائزر سمیت تمام عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں