اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں وفاقی وزرا،این سی او سی حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے حکام قومی رابطہ کمیٹی کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے،اجلاس میں اومیکرون کیسز کے اعدادوشمار پر بھی غور کیا جائے گا،کورونا وائرس اور اومی کرون صورتحال کے پیش نظر اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کے گزشتہ دنوں کراچی میں کیسز سامنےآنے کے بعد اب بلوچستان کے ضلع قلات میں بھی اومیکرون کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔جس کے بعد طبی ماہرین نے اومی کرون ویرینٹ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے ملک بھر میں مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
دوسری جانب دنیا بھر میں اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سےطبی ماہرین لوگوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ جلد از جلد ویکسین مکمل کروائیں اور باقاعدگی سے ورزش اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور غذا کھا کر اپنی قدرتی قوت مدافعت میں اضافہ کریں۔