اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی، وزیر داخلہ شیخ رشید

01:28 PM, 24 Dec, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرا تجزیہ ہے کہ اپوزیشن استعفے نہیں دے گی بلکہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔ فضل الرحمان فساد کی جڑ ہیں۔ پی ڈی ایم والے استعفوں کی طرف نہیں جائیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کیلئے تاریخی فیصلے کیے ہیں۔ 28 اپریل سے نیا ای پاسپورٹ لانچ کر رہے ہیں۔ لیبر کیلئے پاسپورٹ کی مدت 5 کے بجائے 10 سال ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ آج سے پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس شروع کرنے جا رہے ہیں۔ یکم جنوری سے پوری دنیا کیلئے ای سروس شروع کر رہے ہیں۔ آن لائن پاسپورٹ سروس کیلئے وقت لگے گا۔ ویزا آن آرائیول وزیراعظم کی خصوصی ہدایت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 120 دن میں کام سیدھے کرنے ہیں۔ پاسپورٹ کی فیس 3 ہزار سے ایک روپیہ نہیں بڑھائی جائے گی۔ پاسپورٹ امیگریشن کیلئے فنڈنگ کی ضرورت ہے۔ بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں، جنہیں 25 ہزار تک لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ باقی کو بلیک لسٹ سے نکالا جائے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت کب ختم ہوگی، اس بارے میں مجھے علم نہیں ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن سیاستدانوں کو ٹھریٹس ہیں، ان 20 افراد کی فہرست میں مولانا فضل الرحمان کا نام ٹاپ پر ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میرا تجزیہ ہے کہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔ پیپلز پارٹی والے درخواست دے کر ضمنی الیکشن کرا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم اتحادی جماعت، ناراض نہیں ہے۔ کراچی دورے میں رینجرز، پاسپورٹ آفس اور نائن زیرو جاؤں گا۔

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کو آگے لگایا ہوا ہے پیپلز پارٹی بہتر تاش لگا رہی ہے۔ مولانا اصل پلانر اور ملک کو انتشار کا شکار کرنے کے ایجنڈا پر ہے۔ وہ مدرسوں کی طاقت کو اسلام آباد لانا چاہتے ہیں۔ فضل الرحمان ملک کی سیاست، جمہوریت اور خود رحم کریں۔

مزیدخبریں