لاہور:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی شخص کو چوتھی بار سزا ۔ اندھے انتقام کی آخری ہچکی مگر فتح نواز شریف کی.
تفصیلات کےمطابق مریم نواز شریف نے نواز شریف کے خلاف فیصلے کےبعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی شخص کو چوتھی بار سزا ۔ اندھے انتقام کی آخری ہچکی مگر فتح نواز شریف کی۔ اللّہ کا شکر، ڈھائی سال کے طویل انتقام نما احتساب کے بعد، تین نسلیں کھنگالنے کے بعد، ایک پائی کی کرپشن نہ کِک بیک نہ کمشن۔ نا سرکاری خزانے میں رتی بھر خیانت۔
ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ جتنے بھی فیصلے آئے، ان کے مرحوم والد کے ذاتی کاروبار کے حوالے سے آئے۔ اس میں بھی کچھ غلط نہ مل سکا تو مفروضوں پر سزائیں سنائی گئیں۔ آج کا فیصلہ نواز شریف کی امانت، صداقت اور دیانت پر ایک اور مہر ہے۔
ن لیگی رہنما کاکہنا تھا کہ فیصلے انشاءاللہ ختم ہو جائیں گے۔ جو باقی رہ جائے گا وہ ہے نواز شریف کی سچائی اور مخالفوں پر ظلم کا بوجھ جس کو وہ ڈھوتے رہیں گے۔ ۔ کیونکہ حکومت،طاقت اور اختیارات ہوتے ہی ختم ہونے کے لیے ہیں۔ وقت بدلتے اور حالات الٹتے دیر نہیں لگتی۔ یاد رکھیں،ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔
مریم نواز نےمزید لکھا کہ نواز شریف کے خلاف الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی، ثبوت ہوتے یا ایک بھی گواہی ہوتی تو دس ہزار درہم کو بہانہ نا بنایا جاتا۔ خاندانی کاروبار اور جائز ذاتی لین دین کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ یہی نواز شریف کی فتح ہے۔ نواز شریف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کا ہر ووٹر بھی آج سرخرو ہوا۔
نوازشریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ حکومتیں اپنے کردار اور کارکردگی پر چلتی ہیں،سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے پر نہیں۔ یہ حکومت کی کمزوری کی دلیل ہے۔ حکومتی اہلکار ہر روز یہ سوچ کر دفاتر کا رخ کرتے ہیں نواز شریف کے خلاف آج کیا کرنا ہے۔ نواز شریف انشاءاللہ اور مضبوط ہو گا۔ واپس آئے گا۔ جلد!
اس سے قبل بھی انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ہم سب نواز ہیں ، عوام کی محبت میں گھرا ہوا ہے نواز شریف۔خیال رہے میاں نواز شریف کو احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں 7سال قید کی سزا سنادی گئی فلیگ شپ میں بری کردیا گیا ۔