نیو یارک: امریکا کی حکومت نے شام میں صدر بشارالاسد کی قیادت میں جنگی جرائم اور شہریوں کے خلاف پرتشدد ہتھکنڈوں کے استعمال کے الزام میں چھ وزراء کو بلیک لسٹ کرنے کےساتھ ساتھ روس کے نو بنکاروں پر بھی پابندیاں عاید کردی ہیں۔
امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے روس کے ٹمبنک نامی بینک کے 9 عہدیداروں کو بھی شام میں جرائم میں مدد دینے کے الزام میں بلیک لسٹ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے بیان کےبعد کوئی امریکی کمپنی، شخص یا ادارہ اگر شامی حکومت کے بلیک لسٹ کردہ وزراء یا شامی بنکاروں کے ساتھ تجارتی لین دین کرے گا تو اسے امریکا میں سخت نوعیت کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔
وزارت خزانہ نے روسی بنک پر شام میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے لیےاسد رجیم کو مالی مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کا الزام عاید کیا ہے اور اسی الزام کے تحت ٹمببنک کے عہدیداروں ، شام کے مرکزی بنک اور شام کی سرکاری پٹرولیم کمپنی کےساتھ لین دین پر بھی پابندی عاید کی گئی ہے۔