کراچی : سندھ حکومت نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے ساؤتھ زون میں 25 سے 27 اگست تک ڈبل سواری پر پابندی رہے گی جبکہ ایسٹ میں 26 اگست اور ویسٹ زون میں 25 اور 26 اگست کو پابندی ہوگی۔
سندھ حکومت کی جانب سے چہلم کے موقع پر ڈرون کیمرے اڑانے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔اس کےعلاوہ صوبے بھر میں ایس ایس پیز کی پابندی پر ملدرآمد کو یقینی بنانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے بتایا ہے کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سفارش پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی۔
واضح رہےکہ چہلم امام حسین کے موقع پر ملک بھر میں مختلف مقامات پر جلوس و مجالس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عام طور پر اس وقت عائد کی جاتی ہے جب کسی علاقے میں سیکیورٹی حالات خراب ہوں یا کسی خاص موقع پر عوامی امن و امان کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہوں۔ یہ پابندی عموماً عارضی ہوتی ہے اور اس کا مقصد دہشت گردی یا دیگر سیکیورٹی خطرات سے نمٹنا ہوتا ہے۔