ایشین گیمز، پاکستان شاہینز کی ٹیم اعلان ہوگیا

05:13 PM, 24 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی : پی سی بی نے آل راؤنڈر قاسم اکرم کو ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے والی 15 رکنی پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کردیا ہے۔ 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے 28 ستمبر سے7 اکتوبر تک چین کے شہر ہینگ زو میں منعقد ہونگے اور ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

20 سالہ قاسم اکرم بیس فرسٹ کلاس میچز کے علاوہ چالیس ٹی20 میچز بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ گزشتہ سال انڈر19 ورلڈکپ میں پاکستان کے کپتان تھے۔اعلان کردہ 15 رکنی ٹیم میں 8 کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ان میں عامر جمال، ارشد اقبال، آصف علی، حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔


ایشین گیمز کے قواعد و ضوابط کے مطابق پاکستان شاہینز کوارٹر فائنل سے آغاز کرے گی جو 3 اور 4 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنلز 6 اکتوبر کو ہونگے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل 7 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔پاکستان نے 2010 میں چین کے شہر گونگ زومیں ہونے والے ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

مزیدخبریں