امریکہ نے 21 ہندوستانی طلباءکو ملک بدر کر دیا

09:46 AM, 24 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

سان فرانسسکو: ہندوستانی طلبہ دنیا بھر میں بھارت کی سبکی کا باعث بننے لگے۔ ایک ہی دن میں 21 ہندوستانی طلباء کو جعلی ویزوں کے باعث امریکہ سے ملک بدر کر دیا گیا.

 میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلباء نے ویزا کی رسمی کارروائیاں مکمل کر لی تھیں لیکن انہیں اٹلانٹا، شکاگو اور سان فرانسسکو ہوائی اڈوں پر دستاویزات کی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی میڈیا کے مطابق  ڈی پورٹ کیے گئے طلباء جعلی ویزوں اور یونیورسٹیوں کے ایڈمیشن لیٹر کی آڑ میں امریکہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ طلباء سے امیگریشن حکام نے طویل تفتیش کی، موبائل فون اور واٹس ایپ ریکارڈ بھی جانچا گیا جس میں بڑی تعداد میں جعلی ویزے اور کاغذات پکڑے گئے۔ 

اس حوا لے سے ہندوستانی طلباء کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ویزا کی تمام رسمی کاروائیاں پوری کر کے امریکہ میں پڑھنے کی غرض سے آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مناسب ہدایات نہیں جاری کی گئی کہ ہمارے ویزوں میں کیا مسائل ہیں۔ 

دوسری جانب امریکی حکام نے انہیں کہاکہ وہ ملک چھوڑ دیں اگر طلباء نے کوئی غیر قانونی کاروائی کی تو   ان کے خلاف حکام کی جانب سے سنگین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

امریکی امیگریشن حکام نے 21 بھارتی افراد پر پانچ سال کے لیے امریکہ داخلے پر پابندی بھی لگا دی۔

 واضح رہے کہ بڑی تعداد میں جعلی ویزوں اور کاغذات کے پکڑے جانے پر بھارت کو عالمی سطح پر شدید سبکی کا سامنا کنا پڑتا ہے۔  2018 میں امریکہ نے 129 اور 2019 میں کینیڈا نے 150 بھارتی طلبہ کو جعلی ویزوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا۔ 

2019 میں امریکہ نے 130 بھارتی شہریوں کو جعلی ویزے کی وجہ سے گرفتار اور سزا سنائی تھی۔  2022 اور 2023 میں کینیڈا نے 700 بھارتی طلبہ کو جعلی ایڈمیشن لیٹروں کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا۔

مزیدخبریں