عوام کیلئے اب جان بچانا بھی مشکل، 25 نئی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

عوام کیلئے اب جان بچانا بھی مشکل، 25 نئی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لاہور: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے 25 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق حکومت نے 25 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں مقرر کر دیں جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے نئی متعارف کرائی گئی 25 ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 ادویات میں انجکشن، گولیاں، انہیلر، سیرپ، نئے نمکیات، فارمولیشنز، طاقت کی مختلف اقسام  کی زیادہ سے زیادہ قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پھیپھڑوں، چھاتی کے کینسر، اینٹی الرجک گولی، محلول اور اینٹی بائیوٹک محلول، انہیلر، پین کلر، انجکشن کی نئی قیمت مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح ذیابیطس کی گولی، بلڈ کینسر، جوڑوں کی بیماری کے انجکشن، ملیریا کی گولی، ہیپاٹائٹس بی کے انجکشن، پیٹ کے کیڑے کے انجکشن، بلڈ پریشر کی گولی، خون کی شریانوں کو پھیلانے والی گولی کی بھی زیادہ سے زیادہ سے قیمت مقرر کی گئی ہے۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق کینسر کے علاج کے لیے نئی رجسٹرڈ دوا لوریکا کی قیمت 8 لاکھ 46 ہزار 857 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ کینسر کے مریضوں کے لیے انجیکشن لگانے والے بورٹیزومیب کی قیمت 17 ہزار 513 روپے کر دی گئی۔ 

دمہ کے مریضوں کے لیے  400mg انہیلر کی قیمت 1390 روپے اور 200mg کی قیمت 833 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ہیپاٹائٹس کے انجکشن کی قیمت 10 ہزار 275 روپے جبکہ پیراسیٹامول اور ڈیپ ہائیڈرالین کی 20 گولیوں کی نئی قیمت 192 روپے ہے۔ ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ سادہ پیرا سٹامول کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ 

ملیریا میں استعمال ہونے والی کلوروکوئن 1007 روپے کی نئی قیمت پر فروخت کی جائے گی اور انفیکشن میں استعمال ہونے والی دوا کی قیمت 15 ہزار 356 روپے ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی پرانی دوائی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ جن قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا وہ تمام ادویات نئی رجسٹر کرائی گئی ہیں جو پہلے پاکستان میں نہیں پائی جاتی تھیں۔ 

مصنف کے بارے میں