دوحہ: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ قطری ہم منصب نے پاکستان کو ایل پی جی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کی دوحہ میں قطری ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس دوران انہوں نے پاکستان کو ایل پی جی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ قطر پاکستان کو یومیہ 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی فراہم کرے گا اور امید ہے کہ قطر سے ایل پی جی درآمد کرنے کیلئے جلد میکنزم طے کرنے پر بات چیت بھی شروع ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے، قطر کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے دوحہ میں فٹ بال سٹیڈیم کا دورہ بھی کیا۔
فٹ بال سٹیڈیم کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کیلئے تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیراعظم نے کھیلوں کے ایونٹ کیلئے جدید ترین سہولیات کے قیام میں قطر کی کوششوں کو سراہا۔