ہری پور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف 40 چوروں کے ساتھ قطر بھیک مانگنے گیا ہے لیکن کوئی انہیں بھیک نہیں دے گا کیونکہ سب کو معلوم ہے کہ یہ چور ہیں، شہباز گل امریکہ میں اپنی نوکری چھوڑ کر پاکستان آیا مگر اسے جیل بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب کو معلوم ہیں کہ یہ چور ہیں اس لئے انہیں کوئی بھی بھیک نہیں دے گا مگر ہم نے پاکستان کو ان چوروں سے آزاد کرانا ہے، میرے خلاف دہشت گردی کا کیس کیا جس کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی بھارت کی حکومت بھی ایسا فیصلہ نہیں کرتی کہ وہ دوسرے لوگوں کیلئے اپنی جانیں قربان کرے، امریکہ کی جنگ میں شریک ہو کر ہم نے 80 ہزار پاکستانیوں کو شہید کیا، میں اپنی قوم کے حقوق کے ساتھ کھڑا ہوں، ہم نے روس سے سستا تیل خریدنے کی کوششیں کی لیکن ہماری حکومت کے خلاف سازش کی گئی اور ہمارے اوپر امپورٹڈ حکومت مسلط کر دی گئی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے ایسا کیا کہا جو میرے خلاف مقدمات کئے گئے ؟ شہباز گل امریکہ سے اپنی نوکری چھوڑ کر پاکستان آیا مگر اسے جیل بھیج دیا گیا، اس کی ذہنی حالت ایسی تھی کہ وہ بالکل ٹوٹ گیا تھا، ہماری حکومت کو ختم کر کے امپورٹڈ حکومت کو بٹھا دیا گیا، اپنے ملک کو کسی ملک کی فارن پالیسی کیلئے قربان نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اداروں کے خلاف بالکل نہیں ہے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں صاف شفاف الیکشن کرائیں جائیں، میں پورے ملک میں عوام کو تیار کرنے جا رہا ہوں، آپ سب تیار رہیں میری کال کا انتظار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے ظلم کیا ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے، پنجاب میں دھاندلی کے باوجود ایسا پھینٹا پڑا کہ ان کی ٹانگیں کانپنی شروع ہو گئی ہیں، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہونے چاہئیں، ہم نے ان چوروں سے پاکستان کو آزاد کرانا ہے۔
شہباز شریف قطر بھیک مانگنے گیا مگر کوئی انہیں بھیک نہیں دے گا: عمران خان
07:35 PM, 24 Aug, 2022