اسلام آباد: حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کو پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کرنے اور زرعی شعبے پر ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو بھیجے گئے لیٹر آف انٹینٹ میں کرائی گئی یقین دہانی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کئے جانے اور زرعی شعبے پر ٹیکس چھوٹ ختم کئے جانے کا امکان ہے۔
لیٹر آف انٹینٹ میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 10.5 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جائے گا جس کے باعث فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے اضافے کا امکان ہے جبکہ ٹیکس اہداف میں کمی کی صورت میں زرعی شعبے کی سیلز ٹیکس چھوٹ بھی ختم کر دی جائے گی۔
آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ زرعی ادویات، کھاد، ٹریکٹرز پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کر دی جائے گی، زرعی شعبے پر ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے 150 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو گا جبکہ ڈرنکس پر ٹیکسز عائد کر کے 60 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ اگر رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں اہداف حاصل نہ ہوئے تو اکتوبر سے اقدامات کئے جائیں گے ۔