وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات

05:12 PM, 24 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

دوحہ: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اور اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے جبکہ ملاقات میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور بعد ازاں وزیر اعظم نے امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی اور والدہ شیخہ موزہ بنت ناصر سے بھی ملاقات کی اور امیر قطر کے والد کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ 
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ باہمی اعتماد اور مستقل حمایت کی مضبوط بنیادوں پر قائم اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جبکہ انہوں نے قطر کے ویژن 2030 کے حوالے سے پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔ 
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بلند کرنے میں شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی طرف سے ادا کئے گئے کردار کو سراہا اور ان کے دور میں پروان چڑھنے والے مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا۔

مزیدخبریں