لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بجلی کے بلوں سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نکالنے کا آغاز کر دیا گیا جس کے باعث بجلی دفاتر میں صارفین کا رش لگ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے بعد عملہ بجلی کے بلوں میں سے فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس نکال رہا ہے جس کی وجہ سے لیسکو کے دفاتر میں صارفین کا رش ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق اس حوالے سے کوئی تحریری نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا اور فی الحال مینول طریقے سے اندازے کے مطابق بل درست کئے جا رہے ہیں، 2 روز تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور ٹیکسز کا معاملہ طے ہو جائے گا۔
لیسکو حکام کے مطابق بجلی بلوں کے ایشو کے حل تک صارفین کے کنکشن کاٹنے سے روک دیا گیا ہے اور اب صارفین کو تصحیح شدہ نئے بل جاری کئے جائیں گے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صارفین کو 3 روز کا ریلیف دے رہے ہیں جبکہ جو صارف بل جمع کرا چکے ان کے اگلے بل میں رقم ایڈجسٹ کی جائے گی اور اس ضمن میں وزارت پاور کمیٹی کل تک نوٹیفکیشن جاری کر دے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تیل مہنگا منگوانے پر اگلے مہینے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگ کر آ جاتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست کے مہینوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی مگر بجلی ترسیل کی کمپنیوں نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا کر بھیجے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت کے بعد ہم نے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین پر عائد کئے جانے والے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم کر دیا ہے ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اچھی آمدن والے افراد کو فی الوقت ایف اے سی دینا پڑے گا لیکن ہم اس پر بھی نظرثانی کر رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں کوئی راستہ نکل آئے۔