اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں اور افراط زر کی شرح 42 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر پا رہے دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 244 روپے لیٹر ڈیزل خرید کر زراعت کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا اور اب کسانوں میں سکت نہیں رہی کہ وہ بجلی کے بل ادا کر سکیں جبکہ تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کے باعث پس کر رہ گیا ہے، وفاقی حکومت کی ساری توجہ عمران خان کے خلاف مقدمات درج کرنے پر ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا ہو گا کہ کوئی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر ہے، عوام ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔
مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، کسان بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے: شاہ محمود قریشی
03:57 PM, 24 Aug, 2022