عمران خان کا انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ

03:25 PM, 24 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے قبل از گرفتاری ضمانت کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں آج ان کی قانونی ٹیم کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مشاورت کی۔ 
عمران خان نے گزشتہ روز بھی اپنے خلاف دہشت گردی کے مقدمے کو لے کر سیاسی اور قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی جس کے بعد انہوں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کل ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے پر عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی تین روزہ راہداری ضمانت منظور کی تھی۔ 
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 3 روز کے بعد متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا تھا۔ 

مزیدخبریں