پاکستان کی بی جے پی رہنما کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کی مذمت

11:52 AM, 24 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک اور عہدیدار کی جانب سے نبی کریمﷺکی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ راجہ سنگھ کے اشتعال انگیز اور توہین آمیز ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ تضحیک آمیز ریمارکس سے پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ عالمی برادری بھارت میں اسلاموفوبیا کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے ۔

گزشتہ 3 ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب بی جے پی کے کسی سینئر لیڈر نے حضرت محمدﷺکی شان میں گستاخی کی ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسلمان رہنما اسد الدین اویسی کا کہنا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی بی جے پی کی پالیسی بن گئی ہے ۔ ایسے بیانات سے لوگوں میں انتشار پھیلتا ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

بھارتی مسلمانوں کے شدید احتجاج پر پولیس نے بیان دینے والے ایم ایل اے راجا سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا تھا ، تاہم حیدرآباد کی نامپلی عدالت نے ایم ایل اے راجہ سنگھ کی ریمانڈ کی درخواست واپس کرکے رہائی کا حکم دے دیا ہے ۔

مزیدخبریں