واشنگٹن: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے کہا ہے کہ جس طرح امریکا افغانستان سے بھاگا ہے بحیثیت امریکی شہری شرمندہ ہوں۔
انجلینا جولی نے ٹائم میگزین کے لیے لکھے گئے اداریہ میں کہا کہ افغانستان میں جاری جنگ پر آپ کے جو بھی خیالات ہوں تاہم ہم سب ایک بات پر متفق ہیں اور وہ یہ ہے کہ افغان جنگ کا خاتمہ اس طرح نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اتنے سالوں تک جاری قتل و غارت گری، قربانیوں اور جدوجہد کے بعد امریکا اقتدار کو منظم انداز میں منتقل کرنے میں ناکام رہا اور یہ کبھی بھی آسان نہیں تھا تاہم اقتدار کی منتقلی اس سے کہیں زیادہ بہتر اور محفوظ انداز میں کی جاسکتی تھی۔
انجلینا جولی نے کہا کہ جس طرح سے امریکا افغانستان چھوڑ کر گیا جبکہ بحیثیت امریکی شہری میں شرمندہ ہوں اور اس انداز میں انخلا نے ہماری اہمیت کو مزید کم کر دیا ہے۔ امریکا اتنے سالوں کے بعد اپنے اتحادیوں کو افراتفری کے عالم میں چھوڑ کر بھاگا جو کہ دھوکہ اور سمجھنے سے قاصر ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب افغانستان میں جو کچھ بھی ہوتا ہے اور اس پر اثر انداز ہونے کا موقع گنوا دیا ہے۔ افغان سول سوسائٹی سمیت وہاں کی خواتین کو سپورٹ اور مانیٹر کرنے کے لیے ہمارے پاس کوئی حکمت عملی نہیں اور اس کے علاوہ امریکی انخلا کے باعث افغان مہاجرین کی آبادکاری کا نیا بحران جنم لے گا۔