عمران خان کیخلاف کرپشن فری احتساب ہورہا ہے، مریم اورنگزیب  

02:19 PM, 24 Aug, 2021

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف کرپشن فری احتساب ہورہا ہے، ان کو کوئی کال اپ نوٹس نہیں بھیجا جاتا۔ بجلی، چینی، آٹا چوری پر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیا میں کہا کہ میڈیا کے ساتھ تین سال سے زیادتیاں ہو رہی ہیں جبکہ اپوزیشن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تماشا کیا جا رہا ہے، اس تماشے کے قلعی کھل چکی، سب کچھ عیاں ہو چکا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف کو 12 اگست کو ایک نوٹس ملا جس میں طلب کیا گیا تھا۔ کہا گیا اس سے پہلے بھی نوٹس دیا گیا جس میں طلب کیا گیا تھا لیکن اس سے پہلے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہاں جواب جمع کرانے آئے تو ہمیں نیب کے گارڈز نے حصار میں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 5 میٹروز ایک ارب روپے میں بنائیں لیکن نیب کو بی آر ٹی کے 126 ارب روپے کے گڑھے نظر نہیں آتے، وہ پنجاب کے 10 سال وزیراعلیٰ رہے اس دوران تسلسل کیساتھ عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختلف منصوبے بناتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں عوام کو اشیائے ضروریہ میں ریلیف ملا۔ انھیں نیب 52 روپے کلو چینی فراہم کرنے پر طلب کیا جائے۔ شہبازشریف اور نوازشریف کے منصوبوں پر عمران خان آج اپنی تختی لگا رہے ہیں۔

مزیدخبریں