گزشتہ ماہ جولائی کے دوران پیٹرول کی فروخت میں 12.5 فیصد اضافہ  

12:31 PM, 24 Aug, 2021

اسلام آباد: جولائی 2021ء کے دوران پیٹرول کی فروخت میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بینکوں کی جانب سے کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی سے گاڑیوں کی تعداد کے بڑھنے کے نتیجہ میں پیٹرول کی فروخت ریکارڈ حد تک بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران پیٹرول کی فروخت 0.72 ملین ٹن رہی تھی تاہم جولائی 2021ء میں پیٹرول کی فروخت 0.81 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔

اس طرح جولائی 2020ء کے مقابلہ میں جولائی 2021ء کے دوران پیٹرول کی قومی فروخت میں 90 ہزار ٹن یعنی 12.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2021ء میں فرنس آئل کی فروخت بھی 54 فیصد بڑھی ہے۔ واضح رہے کہ جولائی 2020ء کے دوران فروخت کا حجم 0.24 ملین ٹن رہا تھا۔

تاہم جولائی 2021ء میں فرنس آئل کی مقامی فروخت کا حجم 0.37 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔ مزید برآں جولائی 2020ء کے مقابلہ میں جولائی 2021ء کے دوران ڈیزل کی فروخت میں بھی 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2020ء میں ڈیزل کی فروخت 0.68 ملین ٹن رہی تھی لیکن جولائی 2021ء کے دوران ڈیزل کی فروخت 0.72 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔ اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں