کنگسٹن: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 176 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ پر انچاس رنز بنا لئے تھے۔
ویسٹ انڈیز کے اوپنر بلے باز کائل پاویل آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے صرف 23 رنز بنائے، انھیں شاہین شاہ آفریدی نے رن آؤٹ کیا۔ کپتان کریگ بریتھ ویٹ 17 اور الزاری جوزف 8 رنز کیساتھ پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کرینگے۔ ویسٹ انڈیز کو کنگسٹن ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مزید 280 رنز چاہیں۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز کی برتری سے شروع کی تھی۔ اوپنر ب؛ے باز عمران بٹ 37 اور عابد علی 29 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان بابر اعظم 33، اظہر علی 22، حسن علی 17 اور فہیم اشرف نے 9 رنز بنائے۔ محمد رضوان 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
چوتھے روز پاکستانی ٹیم کا سکور 176 رنز پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دیدی۔
میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کے گیند باز جیسن ہولڈ اور الزاری جوزف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کریگ بریتھ ویٹ اور کائل مئیرز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
خیال رہے کہ پاکستانی باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیریئر کی تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 150 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے تھے۔