لاہور میں کورونا ویکسین کے بغیر شاپنگ مالز میں داخلے پر پاپندی

 لاہور میں کورونا ویکسین کے بغیر شاپنگ مالز میں داخلے پر پاپندی
کیپشن: لاہور میں کورونا ویکسین کے بغیر شاپنگ مالز میں داخلے پر پاپندی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: 30 اگست کے بعد ایسے افراد کو شاپنگ مالز میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا جنہوں نے کورونا کی ویکسین نہیں لگوائی۔

کمشنر لاہور نے مارکیٹوں میں داخلے پر پابندی کے بینرز لگانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہیں۔ ویکسی نیشن نہ کرانے والے لاری اڈے سے سفر بھی نہیں کر سکیں گے۔ طلبا کیلئے کالجز میں ویکسی نیشن سنٹر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد اس سال کے آخر تک 70 فیصد کے قریب آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانا ہے۔ اس مقصد کیلئے صوبہ پنجاب میں پانچ سے سات کروڑ افراد کو ویکسین لگانا ضروری ہو گا۔

خیال رہے کہ پنجاب میں تین لاکھ 79 ہزار 574 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 527 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل کرتے ہوئے31اگست تک سینما ہالز، مزارات اور جمز بند بند کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود شہری ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے دکھائی نہیں دیتے اور شہریوں کی انتہائی کم تعداد ماسک پہن رہی ہے،جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔