اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریز کے درمیان رابطہ طے پا گیا۔ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان رابطہ آج شام پانچ بجے ہو گا۔
وزیر خارجہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے بات چیت کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل ان دنوں فرانس کے دورے پر ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات اور حریت اور سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکا سمیت کئی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔