امریکی خاتون منٹوں میں ارب پتی بن گئی

11:51 AM, 24 Aug, 2019

آرکنساس : امریکی خاتون منٹوں میں ارب پتی بن گئی ، آرکنساس کے ایک پارک کریٹر آف ڈائمنڈز سٹیٹ پارک کے دورے پر آئی ایک خاتون کو پارک سے 3.72 کیرٹ کا پیلا ہیرا ملا ہے ، یہ دو سالوں میں پارک سے ملنے والا سب سے بڑا ہیرا ہے۔

بوگاٹا ، ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ میرانڈا ہولنگشیڈ نے بتایا کہ وہ پارک میں شمال مشرق سمت میں ایک پہاڑی چوٹی پر بیٹھی تھیں۔ اس دوران وہ یوٹیوب پر ہیرے تلاش کرنے  کے طریقوں سے متعلق ویڈیو دیکھ رہی تھیں۔

اچانک انہوں نے نیچے دیکھا تو انہیں ایک موتی نظر آیا ، میرانڈا نے زور سے چیخ کر اپنی ماں کو بتایا کہ انہوں نے غالباً ایک ہیرا تلاش کر لیا ہے۔یہ خاندان پارک کے ڈائمنڈ ڈسکوری سنٹر پہنچا جہاں انتظامیہ نے تصدیق کی کہ یہ 3.72 کیرٹ کا پیلا  ہیرا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ مارچ 2017 کے بعد اب تک دریافت ہونے والا یہ سب سے بڑا ہیرا ہے۔اکتوبر 2013 کے بعد یہ اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا پیلا ہیرا ہے۔

پارک کے ترجمان ویمون کوکس نے بتایا کہ حالیہ موسم نے میرانڈا کی دریافت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب بھی  بارش  کا  پانی بہتا ہے تو یہاں چھوٹے پتھر اور ہیرے بھی چھوڑ دیتا ہے۔اس سے انہیں تلاش کرنا آسان ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا  مس میرانڈا بالکل ٹھیک جگہ پر بیٹھی ہوئی تھیں، جہاں سے سورج کی روشنی میں انہیں ہیرا آرام سے نظر آ گیا۔

میرانڈا نے ابھی تک اس ہیرے کی قیمت لگوانے یا فروخت کرنے  یا انگوٹھی میں جڑوا کر پہننے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

مزیدخبریں