راولپنڈی : ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی ہسپتال میں طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد وی آئی پی وارڈ کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا۔
حنیف عباسی 5 روز سے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی جس کے بعد انہیں کرونری کیئر یونٹ (سی سی یو) منتقل کردیا گیا۔ہسپتال ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو اسٹنٹ ڈالا گیا تھا اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا چیک اپ کر رہی ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہناہے کہ ہسپتال کا وی آئی پی وارڈ سب جیل قرار دیا گیا ہے اور کسی کو حنیف عباسی سے ملاقات کی اجازت نہیں۔پولیس حکام کے مطابق جیل کے قوانین کو اپنایا جا رہا ہے اور جیل پولیس ہی وارڈ اور سی سی یو پر تعینات ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت نے عام انتخابات سے 3 روز قبل (21 جولائی) کو ایفیڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ 363 کلوگرام ایفیڈرین کا درست استعمال کیا گیا ،? حنیف عباسی باقی ایفیڈرین کے استعمال کا ثبوت نہ دے سکے۔