اسلام آباد:پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو نئے پاکستان کی اسمبلی سے بہت توقعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کوعہدہ سنبھالنے اور عید کی مبارک باد دی۔ وزیراعظم عمران خان اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ملاقات میں قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو نئے پاکستان کی اسمبلی سے بہت توقعات ہیں، اسمبلی کے اخراجات میں ممکنہ حد تک کمی کی جائے، سپیکر اسد قیصر نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل اور اسمبلی کے امور کار بہتر طریقے سے چلانے کی کوشش کریں گے۔
بعدازاں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان وزارت خارجہ کا دورہ کرنے کے لیے دفتر خارجہ پہنچے جہاں پر وزیراعظم عمران خان کے وزارت خارجہ کے دفتر پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس جاری ہے جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر حکام بھی بریفنگ میں موجود ہوں گے، وزیراعظم کو پاکستان کے بیرونی ممالک سے تعلقات، مقبوضہ کشمیرکی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات پر بریف کیا جائے گا۔
وزیراعظم کو افغانستان، ایران، امریکہ اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا جائے گا جب کہ وزیراعظم وزارت خارجہ کو خارجہ پالیسی پر گائیڈ لائن دیں گے اور خارجہ پالیسی پر اپنے وژن سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم کی ہدایات اور وژن کی روشنی میں موثر خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔
وزیراعظم کو عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس پر بھی بریفنگ دی جائے گئی، وزیراعظم کے دورے کے بعد آج شام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم پریس کانفرنس کریں گے۔