اسلام آباد:بھارتی ریاست کیرالہ میں بدترین سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد کی پیش کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ریاست کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے پاکستانی قوم کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
On behalf of the people of Pakistan, we send our prayers and best wishes to those who have been devastated by the floods in Kerala, India. We stand ready to provide any humanitarian assistance that may be needed.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 23, 2018
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کیرالہ کے سیلاب متاثرین کے لیے پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات اور دعائیں ارسال کررہا ہوں، ہم سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے کسی بھی قسم کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں جو انہیں درکار ہو۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ کو صدی کے سب سے بدترین سیلاب کا سامنا ہے، مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔