ڈی جی آئی ایس پی آر کی سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالبعلم احمد نواز کو شاندار کارنامہ انجام دینے پر مبارکباد

ڈی جی آئی ایس پی آر کی سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالبعلم احمد نواز کو شاندار کارنامہ انجام دینے پر مبارکباد
کیپشن: تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد:سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالبعلم احمد نواز نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے جی سی ایس ای کے امتحان میں 6اے پلس اور2اے حاصل کرلئے جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر آصف غفور نے آرمی پبلک سکول حملے میں نشانہ بننے والے پاکستانی طالبعلم احمد نواز کو جی سی ایس ای امتحان میں نمایاں اعزاز کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طالبعلم احمد نواز کے لیے دیے گئے پیغام میں میجر جنرل آصف غفور کا مزید کہنا تھا کہ’ آپ نے اپنی ہمت، مضبوط ارادے اور تعلیم کی طاقت سے دشمنوں کو شکست دے کر ہم سب کا سر فکر سے بلند کردیا، گڈ لک احمد نواز، آپ مستقبل میں بھی ایسی کامیابیاں سمیٹتے رہو۔‘


احمد نے امتحان میں نمایاں اعزاز سے کامیابی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور مزید تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلے کا فیصلہ کیا ہے۔


واضح رہے کہ احمد نواز جو اب برطانیہ میں زیرتعلیم ہیں، آرمی پبلک سکول کے طالبعلم تھے اور 2014 میں دہشت گردی کے حملے میں زخمی ہوئے تھے جبکہ اسی سکول میں زیر تعلیم ان کے بھائی حارث نواز اس حملے میں شہید ہوگئے تھے۔