اتر پر دیش:بھارتی ریاست اتر پردیش کے لکھیم پور ضلع میں ایک شخص نے 13 سالہ لڑکی پر تلوار سے حملہ کر کے اس کے ایک ہاتھ کی ہتھیلی کاٹ دی۔
تفصیلات کے مطابق حملے کے بعد متاثرہ لڑکی کے جسم پر اور بھی کئی بڑے زخم آئے ہیں۔ اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور ہسپتال میں اس کا علاج چل رہا ہے۔جس وقت لڑکی پر حملہ ہوا وہ اپنی نابینا والدہ کے ساتھ اپنے ماموں کے گھر جا رہی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ ابھی تک حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق حملے کی وجہ موبائل چارجر یا سم پر جھگڑا تھا۔ اسی بحث کے بعد حملہ آور نے لڑکی پر تلوار سے حملہ کیا۔ لیکن پولیس ابھی اس معاملے پر مزید تفتیش کر رہی ہے کیوں کہ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لڑکی کو پہلے بھی پریشان کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
لکھیم پور کے پولیس سپریٹینڈینٹ ایس چینپا نے بی بی سی کو بتایا کہ مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے اور ہسپتال میں لڑکی کے علاج کے لیے ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔حملے کی زد میں آنےو الی لڑکی جب اپنی ماں کے ساتھ گزر رہی تھی تو مشتبہ لڑکے نے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی۔بتایا جا رہا ہے کہ لڑکی نے جب اس پر اعتراض کیا تو لڑکا تلوار لے کر آ گیا اور سڑک پر لڑکی کے پیچھے دوڑنے لگااور لڑکی پرتلوار سے حملہ کر دیا۔