امریکا کو پاکستان کی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے، چین

11:49 AM, 24 Aug, 2017

بیجنگ: چین نے ایک بار پھر واضح الفاظ میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ چینی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے بعد چینی حکومت میں امورِ خارجہ سے متعلق اعلیٰ ترین عہدیدار یانگ جی چی نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو ٹیلی فون کر کے واضح کیا کہ امریکا کو نہ صرف پاکستان کے سیکیورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے بلکہ افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہنا چاہیے جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ چین افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ خطے میں بدلتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کیلئے امریکی پالیسی میں پاکستان سے متعلق پالیسی بیان کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے۔ پاکستان سے نمٹنے کے لیے اپنی سوچ تبدیل کر رہے ہیں جس کے لیے پاکستان کو پہلے اپنی صورتحال تبدیل کرنا ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں