لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم اور آل راؤنڈر حسین طلعت نے نصف سنچریاں بنا کر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ پاور پلے کے دوران ہی فخر زمان (10)، سیم بلنگز (9)، آصف علی (5)، ڈیرل مچل (2) اور عبداللہ شفیق (0) پویلین واپس لوٹ گئے۔ ٹیم کی آدھی بیٹنگ لائن صرف 34 رنز پر ڈھیر ہو چکی تھی۔
ان نازک حالات میں سکندر رضا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 52 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ انہوں نے شاہین آفریدی (16)، رشد حسین (13) اور حارث رؤف (10) کے ساتھ قیمتی پارٹنرشپس قائم کر کے مجموعی اسکور کو 129 رنز تک پہنچایا۔
جواب میں، پشاور زلمی نے 17ویں اوور میں ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔ بابر اعظم نے 56 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جب کہ حسین طلعت نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے زبردست پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ ابتدائی اوورز میں دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے اور کنڈیشنز کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پرامید لہجے میں کہا کہ یہ ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا اور وہ شائقین سے بھرپور سپورٹ کی امید رکھتے ہیں۔