لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 14ویں مقابلے میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں پشاور زلمی کو جیت کے لیے 129 رنز کا آسان ہدف دیا گیا۔
یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور محض 34 کے مجموعے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ فخر زمان نے 10، آصف علی نے 5، عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے جبکہ ڈیرل مچل صرف 2 رنز بنا سکے۔ چھٹا نقصان 44 رنز پر سیم بلنگز کی صورت میں ہوا جو 9 رنز بنا کر علی رضا کا شکار بنے۔
اس موقع پر سکندر رضا اور کپتان شاہین آفریدی نے مزاحمت کی کوشش کی اور ٹیم کا اسکور 67 رنز تک پہنچایا۔ تاہم شاہین 16 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ راشد حسین نے 13 اور حارث رؤف نے 10 رنز کا اضافہ کیا۔
تاہم سکندر رضا نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 37 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی اور ٹیم کو کسی حد تک سنبھالا دیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے دو، دو شکار کیے۔ علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز نے اب تک 4 میچز کھیلے جن میں سے دو میں کامیابی اور دو میں ناکامی کا سامنا کیا، جس کی بدولت وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب، پشاور زلمی نے بھی 4 میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی اور تین میں شکست کھائی، اور اس وقت وہ دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔