اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ چولستان میں متنازعہ نہری منصوبے کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کے بعد سامنے آیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ "جب تک مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) متفقہ فیصلہ نہیں کرتی، وفاق کسی نئی نہر پر کام شروع نہیں کرے گا۔" انہوں نے کہا کہ نہری نظام جیسے حساس معاملات پر تمام صوبوں کی رضامندی ضروری ہے۔
ملاقات میں بھارت کے حالیہ جنگی بیانات اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوام کے تحفظات سننے اور فیصلے کو مؤخر کرنے پر وہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ سی سی آئی اجلاس میں اتفاقِ رائے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔