ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی تمام شرائط مان لیں، متنازعہ نہری منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ

ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی تمام شرائط مان لیں، متنازعہ نہری منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کی تمام شرائط تسلیم کر لیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دریائے سندھ پر بننے والے متنازعہ نہروں کے منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جو حالیہ دنوں میں سندھ حکومت اور مرکز کے درمیان تناؤ کا باعث بنا ہوا تھا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سندھ کے عوام کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔

دونوں جماعتوں کے رہنما کچھ دیر بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعے اس اہم پیشرفت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان تناؤ کم کرے گا بلکہ آئندہ بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی دونوں جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔