پی ایس ایل 10:کراچی کنگز کا نیا سفر، سرفہرست ٹیموں میں شامل

05:47 PM, 24 Apr, 2025

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پہلے مرحلے کے اختتام پر کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

کراچی کنگز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس کی تعداد 6 کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ کراچی کنگز نے لیگ میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا ہے۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ناقابل شکست رہتے ہوئے مسلسل پانچ میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

لیگ کے گیارہویں میچ کے بعد، دو مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز نے 4 میچز میں دو کامیابیوں اور ایک شکست کے ساتھ 4 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

پشاور زلمی نے 4 میچز میں سے ایک جیت کر چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 میچز میں سے ایک کامیابی کے ساتھ پانچویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔ ملتان سلطانز، جو اب تک 5 میچز کھیل چکی ہے، صرف ایک میچ جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔

پی ایس ایل 10 کا پہلا مرحلہ اختتام کو پہنچ چکا ہے اور شائقین اگلے مرحلے میں مزید دلچسپ مقابلوں کے منتظر ہیں۔

مزیدخبریں