احتیاط، آگاہی اور ویکسی نیشن ہی بیماریوں سے بچاؤ کا مؤثر راستہ ہے: مریم نواز شریف

02:40 PM, 24 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور  :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ ایمیونائزیشن ویک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کا سب سے مؤثر ہتھیار احتیاط، شعور اور ویکسی نیشن ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پولیو، خسرہ، ہیپاٹائٹس، تشنج، نمونیا، ٹی بی اور دیگر مہلک بیماریوں کے خلاف بھرپور مہم چلا رہی ہے تاکہ ہر بچہ محفوظ رہے اور صحت مند زندگی گزارے۔

وزیراعلیٰ نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں کیونکہ یہ صرف ایک ویکسین نہیں بلکہ بچے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچہ ویکسین کا حقدار ہے اور ہر ماں باپ کا فرض ہے کہ وہ یہ ذمہ داری نبھائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہیلتھ ورکرز، ویکسی نیٹرز اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ دن رات محنت کر رہے ہیں، گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین دے رہے ہیں تاکہ پنجاب کو بیماریوں سے پاک صوبہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو پولیو فری بنانے کے لیے حکومت پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند بچہ ہی مستقبل میں تعلیم یافتہ، خوداعتماد اور باصلاحیت شہری بن سکتا ہے، اور یہی پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔

مزیدخبریں