جہلم : بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب اور جہلم کا پانی روک لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے دریائے جہلم کا 5 ہزار کیوسک اور دریائے چناب کا 7 ہزار کیوسک پانی روکا ہے۔ دریائے جہلم میں کل پانی کا بہاؤ 49 ہزار کیوسک تھا جو آج کم ہو کر 44 ہزار کیوسک رہ گیا، جبکہ دریائے چناب میں بہاؤ 29 ہزار کیوسک سے گھٹ کر 22 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے دریائے چناب پر بگلیہار ون اور ٹو کے نام سے پن بجلی منصوبے بنائے ہیں، جبکہ دریائے جہلم پر کشن گنگا اور وولر بیراج جیسے متنازع اور غیرقانونی ڈیم بھی تعمیر کر رکھے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں، بھارت اس سے پہلے بھی پاکستان کے حصے کے پانی پر یکطرفہ اقدامات کرتا رہا ہے، جو سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔