لاہور : ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جو انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور والڈ سٹی اتھارٹی کی چیئرپرسن مریم نواز کو بھجوایا ہے۔
استعفیٰ میں کامران لاشاری نے لکھا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات تھی کہ انہوں نے اس عہدے پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نیک نیتی سے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی، تاکہ دنیا کے سامنے ملک کا مثبت چہرہ پیش کیا جا سکے۔ تاہم، ذاتی وجوہات کی بنا پر وہ اب یہ ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتے۔ کامران لاشاری نے درخواست کی کہ ان کا استعفیٰ والڈ سٹی ایکٹ 2012 کے سیکشن 6 کے تحت منظور کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق ان کے استعفیٰ کی وجوہات میں مغلیہ دور کی تاریخی عمارتوں جیسے شالامار باغ اور شاہی قلعہ کو آثارِ قدیمہ کے ادارے کے حوالے کرنا، شاہی قلعہ میں شادیوں کی تقاریب کے متنازعہ فیصلے، اور پرانے لاہور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔