لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے ایتھوپین سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان زراعت، تعلیم، صحت، آئی ٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور ان شعبوں میں عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایتھوپیا سے پاکستان کے لیے براہِ راست پرواز کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد بھی دی۔
ایتھوپیا کے سفیر نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی پالیسیوں اور فلاحی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایتھوپیا پاکستان، خصوصاً پنجاب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔