بھارت کو بھرپور جواب دیں گے، جو کرے گا ویسا ہی سہے گا: اسحاق ڈار

بھارت کو بھرپور جواب دیں گے، جو کرے گا ویسا ہی سہے گا: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو پاکستان بھی بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا افسوسناک ہے اور اگر وہ کوئی الزام لگاتا ہے تو ثبوت بھی سامنے لائے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے  اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، لیکن اگر کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے جواب ضرور دیا جائے گا۔ "ہم نے کبھی پہل نہیں کی، مگر جواب دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔"

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے اور بھارت کے حالیہ بیانات اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ کسی دہشت گردی کے واقعے کا غصہ پاکستان پر نکالنا ناانصافی ہے۔ بھارت اکثر اپنے اندرونی مسائل کا بوجھ پاکستان پر ڈال دیتا ہے، لیکن دنیا یہ سب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "بھارت کے اعلانات میں سنجیدگی کی کمی نظر آتی ہے، لیکن ہم مکمل تیار ہیں۔"