کینبرا : آسٹریلیا کے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر کیتھ اسٹیک پول 84 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ وہ وکٹوریا سے تعلق رکھتے تھے اور 1966 سے 1974 کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے اہم اوپننگ بیٹر رہے۔
کیتھ اسٹیک پول نے اپنے کیریئر میں 43 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 37.42 کی شاندار اوسط سے 2,807 رنز اسکور کیے، جن میں 7 سنچریاں شامل تھیں۔ ان کی سب سے یادگار اننگز 1970-71 کی ایشیز سیریز میں گابا میں انگلینڈ کے خلاف 207 رنز تھی، جو آج بھی شائقین کرکٹ کو یاد ہے۔
کیتھ اسٹیک پول کا ایک اور تاریخی اعزاز یہ ہے کہ وہ 1971 میں میلبورن میں کھیلے جانے والے دنیا کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کا بھی حصہ تھے، جس میں انہوں نے لیگ اسپن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے کل 6 ون ڈے میچز میں 224 رنز بنائے۔
1972 کی ایشیز سیریز میں وہ نائب کپتان کی حیثیت سے آسٹریلیا کے سب سے کامیاب بیٹر ثابت ہوئے، جہاں انہوں نے سیریز میں 485 رنز بنائے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کیتھ اسٹیک پول نے ریڈیو اور ٹی وی کمنٹری میں بھی اپنی موجودگی سے ناظرین کو متاثر کیا اور کھیل سے جڑے رہے۔
ان کے انتقال پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کیتھ اسٹیک پول کی کرکٹ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وہ ایک بہترین کھلاڑی، کمیونیکیٹر اور انسان تھے۔"