اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے اور 27 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ملکی اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہوگی اور بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اور اشتعال انگیز اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے جیسے فیصلوں کا بھی تفصیلی جائزہ متوقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی بھارت کی جانب سے "فالس فلیگ" آپریشن کے بعد کی صورت حال اور خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوششوں کا بھرپور اور سنجیدہ تجزیہ کرے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز پہلگام حملے کو جواز بناتے ہوئے پاکستان سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، اٹاری چیک پوسٹ بند کرنے اور سارک کے تحت پاکستانیوں کو دیے گئے ویزے کینسل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس لے علاوہ بھارت میں موجود پاکستانیوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔