اسلام آباد: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ پاکستان پر دفتر خارجہ نے دو طرفہ اعلامیہ جاری کر دیا ۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے 22 سے 24 اپریل کو پاکستان کا دورہ کیا ۔ ایران کے صدر کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد جس میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر سینیئر حکام شامل تھے پاکستان آئے، ایرانی صدر اور وزیراعظم پاکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق دونوں فریقوں نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیاں توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ سرحدی منڈیوں کا قیام، فری زونز، اور نئی سرحدیں کھولنے پر اتفاق کیا گیا۔بجلی کی تجارت، پاور ٹرانسمیشن لائنز اور آئی پی گیس پائپ لائن پروجیکٹ پر بھی اتفاق کیا گیا۔