اسلام آباد :اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر پیر تک ٹیسٹ کرواکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق خاتون اول بشری بی بی کو زہر دیے جانے کے خدشے کے پیش نظر طبی معائنے کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
گزشتہ سماعت کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہمارے احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟ہم نے ایڈوکیٹ جنرل کو کہا تھا کہ ہمارے پچھلے حکم کی تعمیل کریں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو فوری طلب کر لیا ۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کو ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے عدالت کی معاونت نہ کرنے پر آگاہ کیا جائے۔عدالت نے معاونت نہ کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایڈووکیٹ جنرل کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کا عندیہ بھی دیا۔
اسٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے عدالت سے معزرت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ایڈوکیٹ جنرل آج یہاں نہیں ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشری بی بی کا اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر یا ایکسل لیب سے طبی معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔