کیف: یوکرین کے صدر ولودی میرزیلنسکی نے روسی حملے کو پسپا کرنے کی اپنے ملک کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہارکیا ہے اور بتایا کہ یوکرین روس کے خلاف جوابی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
زیلنسکی نے یہ بات اتوارکے روزالعربیہ سے نشر ہونے والے خصوصی انٹرویو میں کہی ہے۔اس میں انھوں نے روس کے خلاف جنگ کے بارے میں مختلف موضوعات پربات کی ہے۔
جب ان سے یوکرین میں زمینی صورت حال کے بارے میں پوچھاگیا تو زیلنسکی نے اعتراف کیا کہ یہ ایک چیلنج ہے لیکن انھوں نے اس بات پرزوردیا کہ ”ان کا ملک لڑرہا ہے اور مضبوط ہورہا ہے۔میں صورت حال کو اچھا نہیں کہہ سکتا، لیکن ہم لڑرہے ہیں۔ہم ایک سال پہلے کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہیں“۔
زیلنسکی نے اس بات پرزوردیاکہ ”یوکرین کے لوگ فتح کے لیے متحد ہیں۔ہمیں امیداورہمیں یقین ہے کہ روزانہ (کامیابیوں)کے ذریعے ہم فتح کے قریب ہیں۔یوکرین کے لوگ اپنے مقبوضہ علاقوں کو دوبارہ واگزار کرانے اوراپنے ملک کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہیں“۔
زیلنسکی نے کہاکہ ”یوکرین کی فوج روسی افواج کے خلاف جوابی حملے کی تیاری کر رہی ہے۔اگرچہ انھوں نے حملے کے بارے میں تفصیل فراہم نہیں کیں، لیکن انھوں نے اس کی کامیابی پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انھوں نے کہا:”ہماری فوج تیارہو رہی ہے، اور ہم اسے مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں“۔