لاہور: نومنتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کا معاملہ ایک مرتبہ پھر لٹک گیا ہے۔ صدر کی طرف سے نمائندہ مقرر نہ کیے جانے پر مسلم لیگ ن آج دوبارہ عدالت سے رجوع کرے گی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس نے ایک بار پھر صدر مملکت کو ایڈوائس بارے یاد دہانی کا مراسلہ ارسال کر دیا۔
نیو نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہبا ز شریف کی جانب سے صدر مملکت کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے روشنی میں حلف کے لیے کسی نمائندے کی نامزدگی کی جائے ۔ وزیر اعظم ہاؤس پہلے بھی ایوان صدر کو ایڈوا ئس بھجوا چکا ہے ۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پہلی ایڈوائس میں چیئرمین سینٹ کو حلف کے لیے نامزد کرنے کی ایڈوائس بھجوائی گئی ۔ ایک بار پھر صدر مملکت کو حلف کے لیے نامزدگی کا کہا گیا۔صدر عدالتی حکم پر عمل کریں جو بالکل واضح ہے ۔عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو توہین عدالت لگ سکتی ہے۔
مراسلے کے مطابق پنجاب 23 دن سے کسی حکومت کے بغیر چل رہا ہے لہذا صدر مملکت کسی نمائندے کو نامزد کریں تاکہ نومنتخب وزیراعلیٰ حلف لے سکیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن آج (پیر) دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی ۔ عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے وزیر اعظم کی جانب سے ایک بار پھر ایوان صدر کو یاددہانی کا مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔