کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی صورتحال بدتر ہوئی تو سندھ حکومت مکمل لاک ڈاؤن کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے حالات بدتر ہوئے تو ہم لاک ڈاؤن کا فیصلہ کریں گے اور اس کیلئے تیار بھی ہیں، ہم نے بہت سارے فیصلے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے تحت کئے ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں تشویش ناک مریضوں کی تعداد گزشتہ برس جون کی نسبت 30 فیصد زائد ہے لیکن فی الحال چند مزید پابندیاں لگائی گئی ہیں ، امید ہے نتائج اچھے آئیں گے جبکہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔
ادھر پاکستان میں آکسیجن بنانے والی کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر کے دوران اگر آکسیجن کی صنعتی شعبے کو فراہمی نہ روکی گئی تو ہسپتالوں میں شدید کمی ہو سکتی ہے اور اگر ہسپتالوں کو مسلسل آکسیجن کی فراہمی نہ ہوئی تو بھارت جیسی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔